سوات (بیورو رپورٹ) مینگورہ پولیس نے گھر سے چوری کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا ۔پولیس کے مطابق مدعی خان زیب ولد امیر زیب ساکن رحیم آباد حال بارامہ کی جانب سے گھر سے سامان چوری ہونے کی رپورٹ تھانہ مینگورہ میں درج کرائی گئی تھی، جس پر ڈی پی او سوات محمد عمر خان کی ہدایات پر ایس ڈی پی او سرکل سٹی بخت زادہ کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ مینگورہ حبیب سید نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گھر سے چوری کرنے والے ملزم عدنان عرف دانے کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزم کی نشاندہی پر چوری شدہ سامان بھی برآمد کر لیا گیا جو اس نے ایک کباڑی کو فروخت کیا تھا، پولیس کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور مزید انکشافات کی توقع ہے۔