حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
سونا نئی تاریخ رقم کر گیا، فی تول قیمت ساڑھے پانچ لاکھ سے اوپر Home / پاکستان /

سونا نئی تاریخ رقم کر گیا، فی تول قیمت ساڑھے پانچ لاکھ سے اوپر

ایڈیٹر - 28/01/2026
سونا نئی تاریخ رقم کر گیا، فی تول قیمت ساڑھے پانچ لاکھ سے اوپر

ملک میں سونے کی مقامی اور عالمی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد سونا ملکی تاریخ میں پہلی بار ساڑھے پانچ لاکھ روپے فی تولہ کی حد عبور کر گیا۔ صرافہ بازار کے مطابق فی تولہ سونا 21 ہزار 100 روپے اضافے کے بعد 5 لاکھ 51 ہزار 662 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا اور یہ 18 ہزار 90 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 72 ہزار 961 روپے ہو گئی۔ عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمتوں میں تیزی دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونا 211 ڈالر اضافے کے بعد 5 ہزار 293 ڈالر تک جا پہنچا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی معاشی بے یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور محفوظ سرمایہ کاری کی بڑھتی ہوئی طلب سونے کی قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجوہات ہیں۔ صرافہ مارکیٹ کے مطابق قیمتوں میں تیز اضافے کے باعث عام خریدار کی دلچسپی کم ہوئی ہے، تاہم سرمایہ کار بدستور سونے کو محفوظ سرمایہ سمجھتے ہوئے اس میں دلچسپی لے رہے ہیں۔