سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) نے کراچی کے تین اضلاع میں عمارتوں کا سروے شروع کر دیا ہے۔
سانحہ گل پلازہ کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے شہر کے تین اضلاع کی عمارتوں کے سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ 90 فیصد عمارتوں میں فائر سیفٹی کے انتظامات نہیں ہیں۔
مشرقی، وسطی اور جنوبی اضلاع میں رہائشی اور کمرشل عمارتوں کا فائر آڈٹ شروع کیا گیا اور ایس بی سی اے نے 300 سے زائد عمارتوں میں فائر سیفٹی کے انتظامات نہ ہونے پر نوٹسز جاری کیے۔
نوٹس میں عمارتوں میں فائر سیفٹی کے انتظامات مکمل کرنے کے لیے تین دن کا وقت دیا گیا ہے۔
ایس بی سی اے حکام کے مطابق کچھ عمارتوں میں فائر سیفٹی کا سامان ناکارہ حالت میں پایا گیا اور زیادہ تر بلند و بالا عمارتوں میں ہنگامی راستہ نہیں ہے، جب کہ چند عمارتوں میں ہنگامی راستے بند پائے گئے۔
ایس بی سی اے حکام کا کہنا تھا کہ ایس بی سی اے کی خصوصی ٹیم کے ساتھ فائر بریگیڈ کے اہلکار بھی سروے میں موجود ہیں، نوٹسز پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ایس بی سی اے حکام کے مطابق تین روز میں فائر سیفٹی اقدامات نہ کیے گئے تو عمارتوں کو سیل کر دیا جائے گا، مالکان اور یونینز کو فائر بریگیڈ کے این او سی کے ساتھ فائر سیفٹی کے اقدامات کرنے ہوں گے، عمارتوں کو سیل کرنے کا کام ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا۔