نیشنل ڈیزاٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں سوات، چترال، بنیر، شانگلہ، لوئر اور اپر دیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مردان، صوابی، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، تورغر، ہری پور، کولائی پاس کوہستان اور آزاد کشمیر میں موسلادھار بارش اور برفباری سے فلیش فلڈ کا خطرہ موجود ہے۔
این ڈی ایم اے نے کے پی اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے اور حساس مقامات کی نگرانی کی ہدایت جاری کردی ہے۔
گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے چترال، کالام، مالم جبہ، پٹن کوہستان اور دیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ریکارڈ ہوئی جس سے بارش و برفباری سے کالام، مالم جبہ اور پاڑا چنار میں درجہ حرارت منفی 4 ریکارڈ کیا گیا۔
دیر بالا کا درجہ حرارت صفر، چترال کا 1 اور پشاور میں 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، پچھلے دن کالام میں سب سے زیادہ برفباری ہوئی ہے۔
چترال کالاش ویلیز، لواری ٹنل، مڈک لشٹ، گرم چشمہ سمیت لوئر چترال کے کئی مقامات میں برفباری ہوئی۔ لواری ٹنل کے علاقے میں 5 انچ تک برف ریکارڈ ہوئی۔
چترال کالاش ویلی بمبوریت میں 3 انچ، مڈک لشٹ میں 4 انچ اور بگوشٹ میں پانچ انچ برف پڑی۔ اپر چترال میں شندور، لاسپور اور یارخون میں بھی برفباری ہوئی ہے۔
لواری ٹنل روڈ پر ٹریفک حسب معمول جاری ہے، تاہم انتظامیہ نے سنو چین کے استعمال کی ہدایت جاری کر دی ہے۔