اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی (اے آئی او یو) نے 2026 کے موسم بہار کے سمسٹر میں داخلہ لینے والے طلبا و طالبات کے لیے مالی تعاون کی درخواستیں جمع کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔
یونیورسٹی نے طلبا سے اپیل کی ہے کہ مالی معاونت کے خواہش مند افراد اپنی درخواستیں 30 جنوری تک اپنے قریبی ریجنل کیمپس میں جمع کرائیں۔ ملک بھر میں جاری داخلہ مہم کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی ضرورت مند اور مستحق طلبا کو مالی مدد بھی دے رہی ہے۔
وہ طلبا جنہیں گذشتہ موسم خزاں 2025 کے سمسٹر میں مالی امداد دی گئی تھی، وہ بھی 23 جنوری تک ‘اسٹوڈنٹ سروس ریکویسٹ’ سسٹم کے ذریعے دوبارہ درخواست جمع کرسکتے ہیں۔ پہلی بار امداد کے حصول کے خواہشمند طلبا کو 30 جنوری تک اپنے مقامی کیمپس میں فارم جمع کروانے ہوں گے۔
اس کے علاوہ، یونیورسٹی قبائلی اضلاع، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے طلبا کے لیے دسویں تک مفت تعلیم کا بندوبست بھی کر رہی ہے۔ اس اقدام کا مقصد پسماندہ اور دور دراز علاقوں کے ان بچوں کو سہولت فراہم کرنا ہے جو مالی رکاوٹوں کی وجہ سے ان کی تعلیم اُدھوری رہ جاتی ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کے مطابق یونیورسٹی کا عزم ہے کہ مالی مسائل کی وجہ سے کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اے آئی او یو کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں پسماندہ علاقوں کے طلبا تک تعلیمی مواقع پہنچا کر انہیں روشن مستقبل کی طرف لے جایا جاسکے۔