سردی کی شدت کے ساتھ ہی گیس بحران شد ت اختیار کر گیاہے۔ ضلعی انتظامیہ ملاکنڈ نے ہنگامی اقدام اٹھاتے ہوئے پورے ضلع مالاکنڈ میں تمام سی این جی فلنگ اسٹیشنز فوری طور پر بند کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر و ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ضلع ملاکنڈ محمد فیاض خان شیرپاو نے دفعہ 144 کے تحت 19 جنوری سے 31 جنوری 2026 تک مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔سرکاری حکم نامے کے مطابق گھریلو صارفین کو گیس کی عدم فراہمی عوامی غم و غصے، احتجاج اور امن و امان کی سنگین صورتحال کو جنم دے سکتی ہے، جس کے پیش نظر سی این جی سیکٹر کی گیس سپلائی مکمل طور پر منقطع کر دی گئی ہے تاکہ گھریلوں صارفین کو کسی حد تک ریلیف دیا جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ نے دو ٹوک الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ پابندی کے باوجود سی این جی فروخت کرنے والے اسٹیشن مالکان کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت فوری مقدمات درج کیے جائیں گے، گرفتاریوں اور سخت قانونی کارروائی سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔ضلعی انتظامیہ نے ملاکنڈ لیویز کو الرٹ کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ وہ ضلع بھر میں کریک ڈاؤن کریں، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ خلاف ورزی کرنے والوں کی فوری نشاندہی کریں۔