پشاور ۔خیبر پختو نخوا حکومت نے سانحہ کراچی جیسے واقعات کی روک تھام یقینی بنانے کیلئے صوبہ بھر کے پلازوں اور بلند و بالا عمارتوں کا سیفٹی آڈٹ کر انیکا حکم دیا ہے جبکہ آگ بجھانے والے آلات ہنگامی راستوں کا معائنہ کرنے کیلئے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دیدیں ناقص انتظامات پر ایک ہفتے کی وارننگ دینے کے بعد سخت کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی گئی ہے
اس ضمن میں ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخو لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی حامد الرحمان نے صوبے بھر کے تمام تجارتی مراکز اور کثیر المنزلہ عمارتوں میں حفاظتی انتظامات کا فوری اور جامع آڈٹ کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں،
کراچی کے گل پلازہ میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے کے تناظر میں ڈی جی لوب کا نے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں کہ خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں موجود پلازوں اور بلند و بالا عمارتوں کا فوری معامہ شروع کیا جائے،
تمام تجارتی عمارتوں میں آگ بجھانے والے آلات، فائر ہائیڈرٹس اور الارم سسٹمز کی موجودگی کے ساتھ ساتھ ان کے فعال ہونے کی کڑی جانچ کی جائے پلازوں میں ہنگامی اخراج کے راستوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے اور یقینی بنایا جائے کہ یہ راستے ہر قسم کی تجاوزات یا سامان سے پاک اور ہر وقت عوام کیلئے کھلے رہیں ۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی ممکنہ حادثے کی صورت میں انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے ان راستوں کا کلیئر ہونا انتہائی ضروری ہے انہوں مزید ہدایات دیں کہ معائنے کے دوران جن پلازوں میں حفاظتی انتظامات نا مکمل یا ناقص پائے جائیں ان کو ایک ہفتے کی وارننگ جاری کی جائے گی
اس مہلت کے دوران تمام خامیاں دور نہ کرنے والوں کے خلاف بلڈنگ کنٹرول قوانین کے تحت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی بلڈنگ کوڈز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی کیونکہ شہریوں کی زندگیوں پر کوئی سمجھوتہ کن نہیں ہے،
نقشوں کی منظوری کے وقت فائر سیفٹی کے اصولوں کو ہر صورت مقدم رکھا جائے، ڈائریکٹر جنرل حامد الرحمان نے کراچی کے گل پلازہ میں آتشزدگی کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حادثات ہمیں خبر دار کرتے ہیں کہ ہم حفاظتی تدابیر کو اپنی روز مرہ زندگی اور کاروباری مراکز کا لازمی حصہ بنائیں۔