کراچی کے ضلع جنوبی کے ڈپٹی کمشنر جاوید نبی کھوسو نے کے مطابق آگ سے متاثر ہونے والے گل پلازہ کے گراؤنڈ فلور اور پہلے فلور کلیئر کردیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ متعلقہ عملہ دوسرے اور تیسرے فلور میں داخلے کی کوشش کررہے ہیں، کٹر کی مدد سے گرل کاٹا جا رہا ہے۔
جاوید نبی کھوسو نے بتایا کہ رات مزید دو لاشیں ملی ہیں جس کے بعد جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 26 ہو گئی جب کہ لاپتا افراد کی تعداد تا حال 83 بتائی جا رہی ہے۔
جبکہ پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ نے بتایا کہ اب تک 20 لاشیں سو ہسپتال لائی گئی ہیں، 14 لاشوں کے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں جبکہ 14 میں سے 7 لاشوں کی شناخت ہوچکی ہے، ساتویں لاش کی شناخت قومی شناختی کارڈ کے ذریعے کی گئی ۔
پولیس سرجن کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت کے لیے 48 اہل خانہ کے نمونے حاصل کیے جا چکے ہیں، تمام نمونے سندھ فارنزک ڈی این اے لیبارٹری ارسال کردیئے گئے ہیں، ڈی این اے ٹیسٹ انٹرنیشنل سینٹرفارکیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز جامعہ کراچی میں کئے جائیں گے، جبکہ جائے وقوعہ سے ملنے والے کچھ انسانی اعضاء پر بھی کام جاری ہے۔