کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء شرجیل میمن، ناصر حسین، سعید غنی، میئر اور دیگر نے شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو امداد کی فراہمی کل سے شروع ہو جائے گی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ گل پلازہ میں آتشزدگی پر گہرا دکھ ہے، جانی نقصان کا مطلب ہے کہ بہت سے خاندان متاثر ہوئے ہیں، تمام متاثرین اپنے کاروبار چلاتے ہوئے نوکریوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، تمام متاثرین کی بحالی کے لیے اقدامات کرنا چاہتا ہوں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو کے بار بار فون آ رہے ہیں، پیپلز پارٹی کی قیادت چاہتی ہے کہ گل پلازہ کے تاجروں کو فوری طور پر بحال کیا جائے، پلازہ کے تمام متاثرین کو بحال کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ تمام متاثرین کی بحالی کیسے ہوگی، اس کا فیصلہ ہونا ہے، بتایا جارہا ہے کہ گل پلازہ میں 1200 دکانیں ہیں، یعنی 1200 متاثرین۔
انہوں نے کہا کہ گل پلازہ میں آگ بہت بڑا واقعہ ہے، فائر فائٹرز اور ریسکیو اہلکار 3 مقامات سے داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، 73 افراد لاپتہ ہیں، لاپتہ افراد کی تلاش کی کوششیں جاری ہیں۔
علاوہ ازیں مراد علی شاہ نے حکام کو ملبہ ہٹانے کا کام فوری شروع کرنے کی ہدایت کی، آگ کی فرانزک رپورٹ تیار کی جائے گی تاکہ معلوم ہوسکے کہ آگ کیسے لگی، گل پلازہ واقعے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کو فوری معاوضہ دینا چاہتا ہوں۔
ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے گل پلازہ متاثرین کے لیے کمیٹی بنا دی ہے۔