اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نےکریک ڈاون سےمتعلق رپورٹ عدالت میں جمع کروادی جس کے مطابق ملک بھر میں بیہودگی اور اخلاقیات کے خلاف مواد سرفہرست ہیں۔
رپورٹ کے مطابق غیرقانونی ڈیجیٹل مواد پھیلانے پرایک ملین سے زائد ویب لنکس اور یو آر ایل بلاک کیے گئے جن میں فیس بک اور ٹک ٹاک پر غیرقانونی اور نامناسب مواد شیئرکرنے پرسب سےزیادہ بلاکنگ کی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی اے نے فیس بک کے 2 لاکھ 29 ہزار لنکس چیک کرکے رپورٹ کیے اور ایک لاکھ97 ہزار بلاک ہوئے، انسٹاگرام پر43 ہزار یو آر ایل چیک کیے گئے جس کے بعد 38 ہزار بند کردیے گئے، اس کا بلاکنگ ریٹ 87 فیصد رہا۔