حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
دو سال سے ایک ہی اسٹیشن پر تعینات ملازمین کی فوری تبدیلی کا حکم Home / پاکستان /

دو سال سے ایک ہی اسٹیشن پر تعینات ملازمین کی فوری تبدیلی کا حکم

ایڈیٹر - 14/01/2026
دو سال سے ایک ہی اسٹیشن پر تعینات ملازمین کی فوری تبدیلی کا حکم

پشاور 
ڈائریکٹوریٹ آف ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبر پختونخوا نے دو سال سے زائد عرصہ ایک ہی اسٹیشن پر تعینات افسران و ملازمین کی فوری ری شفلنگ اور تبادلے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ اسٹینڈنگ کمیٹی نمبر 26 برائے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم کے مطابق 28 فروری 2025 کو ہونے والے سیکریٹریز کمیٹی اجلاس اور 23 مئی 2025 کے سابقہ مراسلے کی روشنی میں تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران (مرد و خواتین) کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایسے تمام ملازمین، جنہوں نے موجودہ تعیناتی پر دو سال مکمل کر لیے ہیں، کو فوری طور پر تبدیل یا ری شفل کریں۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ تبادلوں اور ری شفلنگ کی تکمیل کے بعد ایک ہفتے کے اندر اندر تعمیلی رپورٹ ای میل کے ذریعے متعلقہ پتے پر ارسال کی جائے، جبکہ اس کی ہارڈ کاپی بھی ڈائریکٹوریٹ کو بھجوانا لازم ہوگا۔

محکمہ تعلیم کے حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد انتظامی شفافیت کو یقینی بنانا، ادارہ جاتی کارکردگی میں بہتری لانا اور ملازمین کے درمیان مساوی مواقع فراہم کرنا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے تعلیمی اداروں کے انتظامی امور مزید مؤثر اور منظم ہوں گے۔

تعلیمی حلقوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ باقاعدہ ری شفلنگ سے نہ صرف احتسابی نظام مضبوط ہوتا ہے بلکہ اداروں میں پیشہ ورانہ ماحول بھی بہتر ہوتا ہے۔ دوسری جانب بعض ملازمین نے تبادلوں کے باعث مشکلات کا اظہار بھی کیا ہے، تاہم محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ تمام فیصلے قواعد و ضوابط کے مطابق کیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ یہ احکامات خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع بشمول نئے ضم شدہ اضلاع میں نافذ العمل ہوں گے۔