اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے ملک کی ممتاز کاروباری شخصیات کے لیے خصوصی بزنس پاسپورٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا مقصد بین الاقوامی سفر کو آسان بنانا اور بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ اقدام ملک میں کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور عالمی منڈیوں کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ بزنس پاسپورٹ کے ذریعے سرکردہ صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کو ویزا اور سفری سہولیات میں نمایاں آسانی فراہم کی جائے گی، جس سے وہ بین الاقوامی تجارتی سرگرمیوں میں زیادہ مؤثر انداز میں حصہ لے سکیں گے۔
حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے نہ صرف پاکستانی کاروباری برادری کو سہولت حاصل ہوگی بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بڑھے گا، جس کے نتیجے میں ملک میں نئی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے۔
ماہرین کے مطابق بزنس پاسپورٹ کا اجرا پاکستان کے لیے ایک مثبت قدم ہے جو عالمی سطح پر ملک کے تجارتی تشخص کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ یہ اقدام معاشی ترقی، روزگار کے نئے مواقع اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا۔