خیبرپختونخوا حکومت نے صدر آصف زرداری، سابق وزیراعظم نواز شریف اور تحریک انصاف کے بانی سمیت دیگر اہم سیاسی شخصیات کے ناموں کی نمبر پلیٹس نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن فخر جہاں نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ سیاسی اور قومی شخصیات کے ناموں پر مشتمل فینسی اور منفرد پسند کی نمبر پلیٹس کی نیلامی 27 جنوری کو نشتر ہال پشاور میں ہوگی۔
فخر جہاں کے مطابق فینسی نمبر پلیٹس کی بولی 10 لاکھ روپے سے شروع ہوگی جب کہ سب سے زیادہ بولی لگانے والے کو اس کی پسندیدہ سیاسی یا قومی شخصیت کے نام کی نمبر پلیٹ دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ دیگر قومی رہنماؤں، مشہور شخصیات، خطوں اور قوموں کے ناموں والی نمبر پلیٹس کو بھی مرحلہ وار نیلامی میں شامل کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ گاڑیوں کے مالکان نیلامی کے عمل میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں اور اس اقدام سے قومی خزانے کو خاطر خواہ فائدہ ہوگا۔ شہریوں نے منفرد نمبر پلیٹس کے حصول کے لیے دستک ایپ کے ذریعے درخواستیں جمع کرانا شروع کر دی ہیں۔
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خیبرپختونخوا کے مطابق فینسی نمبر پلیٹس کی نیلامی کے حوالے سے باضابطہ اشتہار جاری کر دیا گیا ہے جب کہ نیلامی میں شرکت کے لیے شہری دستک ایپ کے ذریعے درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔
درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 26 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے۔