ٹرائبل یونین آف جرنلسٹس کا ایک اہم اور جامع اجلاس پشاور کے ایک مقامی ہوٹل میں یونین کے صدر حسبان اللہ کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں تنظیمی امور، صحافتی چیلنجز اور ضم شدہ اضلاع میں صحافت کو درپیش مسائل پر تفصیلی، مدلل اور بامقصد بحث کی گئی۔
اجلاس میں جنرل سیکرٹری محمد جمیل، فنانس سیکرٹری دلدار حسین، ٹرائبل یونین کے سابق صدر قاضی فضل اللہ، سینئر صحافی حاجی ابوزر آفریدی، سینئر صحافی محمد ایوب، معروف صحافی و شاعر انورزادہ گلیار ،اشفاق سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی۔ شرکاء نے قبائلی اور ضم شدہ اضلاع کے صحافیوں کو درپیش مشکلات، پیشہ ورانہ تحفظ اور تنظیمی استحکام پر اپنی آرا پیش کیں۔
اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ کل سے ضم شدہ اضلاع کے تمام پریس کلبوں کے دوروں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا، تاکہ مقامی صحافیوں سے براہِ راست رابطہ قائم کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ ضم شدہ اضلاع کے پریس کلبوں کے ساتھ باقاعدہ مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے جائیں گے، جبکہ صحافیوں کو یونین کی جانب سے ممبرشپ کارڈز بھی جاری کیے جائیں گے۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ تنظیم کو مزید منظم، فعال اور مضبوط بنانے کے لیے سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے گی، صحافیوں کے مسائل کے مؤثر حل اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
صدر حسبان اللہ نے اس موقع پر کہا کہ ٹرائبل یونین آف جرنلسٹس ضم شدہ اضلاع کے صحافیوں کو یکجا کرنے، ان کی آواز کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے اور صحافتی اقدار کے فروغ کے لیے اپنا کردار مزید فعال بنائے گی۔ اجلاس خوشگوار اور پرعزم ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔