واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر قانونی تارکین وطن کو امریکا چھوڑنے کے لیے رقم دینے کی پیشکش کی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی نے غیر قانونی تارکین وطن کو سال کے آخر تک خود ساختہ جلاوطنی کے لیے رقم دینے کی پیشکش کی ہے۔
محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر غیر ملکی تارکین وطن سی بی پی ہوم ایپ کے ذریعے خود کو ڈی پورٹ کرنے کے لیے سائن اپ کرتے ہیں، تو انہیں اپنے ملک واپس جانے کے لیے ہوائی جہاز کا مفت ٹکٹ اور 3,000 ڈالر دیے جائیں گے۔
ہوم لینڈ سیکیورٹی کے محکمے نے رضاکارانہ طور پر واپس آنے والے غیر قانونی تارکین وطن کو دی جانے والی $1,000 کی رقم بڑھا کر $3,000 کردی ہے۔
ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سیکریٹری کرسٹین نوم نے خبردار کیا کہ جو لوگ خود کو ڈی پورٹ نہیں کریں گے انہیں گرفتاری، ملک بدری اور دوبارہ داخلے پر مستقل پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس سال جنوری سے لے کر اب تک 1.9 ملین غیر قانونی تارکین وطن رضاکارانہ طور پر خود کو ملک بدر کر چکے ہیں اور ہزاروں نے سی بی پی ہوم پروگرام کا استعمال کیا ہے۔