حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سعودی عرب کا اعلیٰ ترین اعزاز سے نواز دیا گیا۔ Home / پاکستان /

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سعودی عرب کا اعلیٰ ترین اعزاز سے نواز دیا گیا۔

ایڈیٹر - 22/12/2025
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سعودی عرب کا اعلیٰ ترین اعزاز سے نواز دیا گیا۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سعودی عرب کے شاہ عبدالعزیز ایوارڈ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ان کی ممتاز عسکری خدمات، قیادت، دفاعی تعاون اور سٹریٹجک کوآرڈینیشن کے اعتراف میں دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کو یہ ایوارڈ ادارہ جاتی تعلقات کو فروغ دینے میں ان کے کلیدی کردار کے اعتراف میں دیا گیا۔ یہ ایوارڈ علاقائی امن و استحکام، انسداد دہشت گردی اور سلامتی کے شعبے میں تعاون کے لیے ان کی خدمات کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ سعودی قیادت نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پیشہ وارانہ مہارت اور اسٹریٹجک وژن کو سراہا۔ سعودی قیادت نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ان کے عزم کی تعریف کی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس ایوارڈ پر حرمین شریفین کے متولی اور سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور اسے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور دیرپا تعلقات کی علامت قرار دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مملکت سعودی عرب کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ یہ ایوارڈ دونوں ممالک کے درمیان گہرے تعلقات اور دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی واضح عکاسی کرتا ہے۔