حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
وادی تیراہ جرگہ کامیاب، نقل مکانی کا باقاعدہ شیڈول طے کرلیا Home / پاکستان /

وادی تیراہ جرگہ کامیاب، نقل مکانی کا باقاعدہ شیڈول طے کرلیا

ایڈیٹر - 20/12/2025
وادی تیراہ جرگہ کامیاب، نقل مکانی کا باقاعدہ شیڈول طے کرلیا

ضلعی انتظامیہ خیبر اور وادی تیراہ کی 24 رکنی نمائندہ کمیٹی کے مابین ہونے والا جرگہ کامیاب ہوگیا، جس کے نتیجے میں نقل مکانی پر اتفاقِ رائے پیدا ہوا اور فریقین کے مابین باقاعدہ مراسلے پر دستخط بھی کر دیے گئے۔

باوثوق اور اندرونی ذرائع کے مطابق وادی تیراہ سے باقاعدہ نقل مکانی کا آغاز 10 جنوری سے ہوگا، جبکہ 25 جنوری تک پورا علاقہ خالی کرا لیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فوجی آپریشن کے اختتام کے بعد متاثرین کی مرحلہ وار واپسی 5 اپریل کے بعد شروع کی جائے گی۔

معاہدے کے تحت فوجی آپریشن کے دوران مکمل طور پر منہدم ہونے والے مکان کے عوض 30 لاکھ روپے جبکہ جزوی نقصان کی صورت میں 10 لاکھ روپے معاوضہ ادا کیا جائے گا۔ اسی طرح ہر متاثرہ خاندان کو بائیو میٹرک تصدیق کے بعد جاز کیش یا ایزی پیسہ کے ذریعے 2 لاکھ 50 ہزار روپے کی نقد امداد فراہم کی جائے گی، جبکہ ماہانہ بنیادوں پر 50 ہزار روپے بھی دیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق متاثرین کو ٹرانسپورٹ، راستوں میں طبی سہولیات اور خوراک کی فراہمی علیحدہ سے کی جائے گی۔ بائیو میٹرک تصدیق کا عمل باغ مرکز اور پندی چینہ کے مقامات پر انجام دیا جائے گا۔ تاہم 10 جنوری سے قبل نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کا باقاعدہ سروے کرکے شامل کیا جائے گا۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام اقدامات متاثرین کی سہولت اور شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں تاکہ نقل مکانی اور بحالی کا عمل منظم اور موثر انداز میں مکمل ہو سکے۔