اسلام آباد ۔ رواں سال 51 ہزار مسافروں کو طیاروں سے آف لوڈ کیا گیا آف لوڈنگ کی وجہ سے پاسپورٹ رینکنگ میں بہتری آگئی۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی اور سیز پاکستانیز اور انسانی حقوق کے اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ 118 سے 92 نمبر پر آ گیا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال 24 ہزار پاکستانیوں کو سعودی عرب میں بھیک مانگنے پر ڈی پورٹ کیا گیا، لوگ عمرے کے نام پر سعودی عرب جا کر یورپ جانے کی کوشش کرتے ہیں۔
ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ دینی نے 6 ہزار پاکستانیوں کو بھیک مانگنے پر ڈی پورٹ کیا ، آذربائیجان نے ڈھائی ہزار پاکستانی بھکاریوں کو ڈی پورٹ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس سال 24 ہزار افراد کمبوڈیا گئے، 12 ہزار تا حال واپس نہیں آئے ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق ایک جعلی فٹ بال کلب نے فٹ بال ٹیم کو جاپان بھیجا جس میں ایک لنگڑا شخص بھی جاپان چلا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بنگالی شہریوں کا بھی پاکستان سے غیر قانونی طور پر یورپ جانے کا انکشاف ہوا، بنگالی شہری پاکستان کے سیاحتی ویزہ پر یورپ جاتے ہوئے پکڑے ہیں۔
ڈی جی ایف آئی اے نے کمیٹی کو بتایا کہ جولوگ عمرے کا نام لیکر یورپ جانے کی کوشش کر رہے ہیں انہیں ثبوت کے ساتھ آف لوڈ کیا، عمرے کے نام پر لوگوں کے پاس یورپ جانے کے ڈاکیومنٹس تھے تب انہیں آف لوڈ کیا گزشتہ برسوں میں غیر قانونی جانے والے افراد میں پاکستان ٹاپ 5 ملکوں میں تھا لیکن اب ہماری پالیسیوں سے پاکستان ٹاپ فائیو ملکوں سے نکل گیا ہے۔