اسلام آباد ۔مسافروں کو آف لوڈ کرنے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر وزیر اعظم شہباز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اور سیز پاکستانی کی سربراہی میں 14 رکنی اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
جو امیگریشن اور اوور سیز پاکستانیوں سے متعلق نظام میں بہتری کے لئے جامع سفارشات مرتب کرے گی کمیٹی میں وفاقی وزیر آئی ٹی ، وزیر مملکت برائے اوور سیز پاکستانی سیکرٹری اوور سیز پاکستانی، سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی، پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے چیئر مین، ایڈیشنل سیکریٹری وزارت داخلہ اور نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سمیت دیگر متعلقہ افسران شامل ہیں۔
کمیٹی کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ مسافروں کے لیے ** آن لائن پروٹیکٹر کے اجراء کا واضح اور مؤثر طریقہ کار وضع کرے۔ اس کے ساتھ ساتھ امیگریشن اسٹیمپس کے آن لائن اجراء اور تجدید کے نظام پر بھی تفصیلی سفارشات تیار کی جائیں گی تاکہ مسافروں کو غیر ضروری مشکلات سے بچایا جا سکے۔
کمیٹی آن لائن اور ڈیجیٹائزڈ نظام کے تحت ورکرز اور مسافروں کے اطمینان کو جانچنے کے لیے بھی ایک مؤثر میکنزم تیار کرے گی، تا کہ اصلاحات کے عملی اثرات کا با قاعدہ جائزہ لیا جا سکے۔
اس کے علاوہ موجودہ امیگریشن نظام میں خامیوں کی نشاندہی اور بہتری کے لیے بھی سفارشات مرتب کی جائیں گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ کمیٹی اپنی سفارشات جلد از جلد پیش کرے تا کہ امیگریشن کے عمل کو شفاف، جدید اور مسافروں کے لیے سہل بنایا جا سکے، اور اوور سیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل کا مستقل حل ممکن ہو۔