حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بجٹ میں اضافے سے آئی ایم ایف مطمئن، مزید اضافے کا مطالبہ Home / پاکستان /

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بجٹ میں اضافے سے آئی ایم ایف مطمئن، مزید اضافے کا مطالبہ

ایڈیٹر - 15/12/2025
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بجٹ میں اضافے سے آئی ایم ایف مطمئن، مزید اضافے کا مطالبہ

اسلام آباد: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بجٹ میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

ایک نجی ٹی وی کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بجٹ میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم ساتھ ہی پروگرام کے لیے امداد میں مزید اضافے کا مطالبہ کیا۔

آئی ایم ایف حکام کے مطابق انکم سپورٹ پروگرام کے بجٹ کو مضبوط کیا گیا ہے، بینظیر کفالت پروگرام کی رقم بین الاقوامی معیار کے مقابلے کم ہے، تاہم صارفین کی قوت خرید کو برقرار رکھنے کے لیے مراعات میں مناسب اضافہ کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف نے کفالت امداد کو کم آمدنی والے طبقے کی کھپت کے 15 فیصد تک بڑھانے کی تجویز دی ہے اور کفالت پروگرام کی رقم کو مہنگائی کے مطابق ایڈجسٹ کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔

آئی ایم ایف کے مطابق بی آئی ایس پی کے بجٹ میں امدادی پروگراموں کے اخراجات میں 20 فیصد اضافہ شامل ہے جس کے نتیجے میں کفالت پروگرام کے تحت کیش امداد میں اضافہ کیا جانا چاہیے۔

بین الاقوامی مالیاتی ادارے نے کہا کہ غیرمشروط نقد امداد کی رقم 13500 روپے سے بڑھا کر 14500 روپے کی جائے اور کفالت پروگرام کی کوریج میں کم از کم 2 لاکھ خاندانوں کا اضافہ کیا جائے۔

آئی ایم ایف کے مطابق مالی سال 2026 کے اختتام تک مستفید ہونے والے خاندانوں کی تعداد 10.2 ملین تک پہنچ جائے گی، اور کفالت پروگرام کی امداد میں 2026 میں نئے گھریلو سروے کے بعد اضافہ کیا جانا چاہیے۔

اس کے علاوہ، آئی ایم ایف نے مشروط کیش ٹرانسفر پروگرام کی کوریج کو بڑھانے کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ بی آئی ایس پی کے مشروط کیش ٹرانسفر بجٹ کا مکمل استعمال ضروری ہے۔