اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بلاک چین اور کرپٹو بلال بن ثاقب نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا میں کرپٹو کو اپنانے والے ٹاپ تھری ممالک میں شامل ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلال بن ثاقب نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار عالمی تبادلے کے لیے ایک منظم، شفاف اور عالمی معیار کا راستہ کھولا گیا ہے۔ یہ اقدام نئی سوچ اور ادارہ جاتی تبدیلی کا عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ Binance اور HTX کو NOC کا اجرا نئی سوچ کا عملی قدم ہے۔ دنیا کے بڑے مالیاتی مراکز اسی طرح کے مرحلہ وار ماڈلز کو اپناتے ہیں۔ ہمیں عالمی مالیاتی نظام کے تحت بروقت اور درست فیصلے کرنے ہوں گے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ قانونی اور منظم راستے کے بغیر صلاحیتوں کا کوئی فائدہ نہیں، 30 سے 40 ملین پاکستانی ڈیجیٹل اثاثے استعمال کر رہے ہیں، 100 ٹریلین ڈالر کی عالمی بانڈ مارکیٹ ڈیجیٹل ریل کی طرف بڑھ رہی ہے، فریم ورک نہ صرف تجارت بلکہ صنعتوں کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔
بلال بن ثاقب نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا میں کرپٹو کو اپنانے والے ٹاپ تھری ممالک میں شامل ہے، پاکستان میں ڈیجیٹل اثاثے اپنانے کی بے پناہ صلاحیت ہے اور پاکستان آئندہ 10 سالوں میں ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنی خودمختاری کو مستحکم کر لے گا۔