حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
سوات میں بیرونِ ملک روزگار کا بڑا فراڈ، 127 نوجوان لاکھوں سے محروم Home / پاکستان /

سوات میں بیرونِ ملک روزگار کا بڑا فراڈ، 127 نوجوان لاکھوں سے محروم

ایڈیٹر - 09/12/2025
سوات میں بیرونِ ملک روزگار کا بڑا فراڈ، 127 نوجوان لاکھوں سے محروم

 سوات کی تحصیل خوازخیلہ کے نوجوانوں کے ساتھ بیرونِ ملک روزگار کے نام پر کروڑوں روپے کا بڑا فراڈ سامنے آ گیا ہے۔ گاؤں ٹوپسین کے رہائشی نوسرباز شیر علی نے سعودی عرب میں ملازمت دلانے کا لالچ دے کر 127 افراد سے ایک کروڑ 28 لاکھ 99 ہزار 930 روپے وصول کیے اور روپوش ہوگیا، جبکہ مقدمہ درج ہونے کے باوجود پولیس اب تک ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔ سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے متاثرہ نوجوان عدنان باچا نے بتایا کہ ملزم نے ایک معروف سعودی کمپنی میں دودھ اور دہی پیکنگ کے شعبے میں فوری ملازمت اور ویزوں کا جھانسہ دیا، جس کی تصدیق بیرونِ ملک مقیم افراد نے بھی کی تھی۔ اس موقع پر حضرت خان، اقرارالحسن، ثاقب خان، بلال اور یاسر حمید سمیت دیگر متاثرہ نوجوان بھی موجود تھے۔ متاثرین کے مطابق ملزم نے صرف سات نوجوانوں کو وزٹ ویزے لگوائے جو تین ماہ بعد منسوخ ہوگئے، اور یہ نوجوان اب سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر مقیم ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ فراڈ سامنے آنے پر مقامی اسسٹنٹ کمشنر کے ذریعے درخواست دی گئی، مگر پولیس کارروائی میں تاخیر کی جا رہی ہے۔ متاثرین نے وزیرِاعلیٰ، آئی جی پولیس، ڈی آئی جی ملاکنڈ اور ڈپٹی کمشنر سوات سے مطالبہ کیا کہ ملزم کو فوری گرفتار کرکے ان کی رقوم واپس دلائی جائیں اور ایسے فراڈیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے