اسلام آباد ۔ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے 18 سال سے کم عمر بچوں کیلئے باضابطہ طور پر چائلڈ رجسٹریشن ٹیفکیٹ جاری کرنے کا اعلان کر دیا۔
جاری بیان کے مطابق نادرانے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی پیدائش ایک ماہ کے اندر متعلقہ یونین کونسل میں رجسٹر کروائیں اور بعد ازاں نادرا کے کسی بھی دفتر سے بی فارم کیلئے درخواست دیں۔
یہ ہر بچے کا بنیادی حق ہے کہ اسے نادرا میں رجسٹر کیا جائے کیونکہ یہ پاسپورٹ بنانے، بورڈ کے امتحانات میں بیٹھنے اور دیگر اہم مراحل کیلئے ضروری ہے۔ سی آرسی حاصل کرنے کیلئے یونین کونسل سے بچے کی پیدائش کا مستند ثبوت فراہم کرنا لازمی ہے۔
والد یا والدہ کے پاس قومی شناختی کارڈ یا نادرا کا بیرونِ ملک پاکستانیوں کیلئے شناختی کارڈ ہونا چاہیے۔ تازہ ترین قواعد کے مطابق تین سال سے کم عمر بچوں کو بائیو میٹرک ڈیٹا اور فوٹو فراہم کرنے سے استثنی حاصل ہے، اس کا مطلب ہے کہ ان کے بی فارم پر تصویر بابائیومیٹرک ڈیٹا شامل نہیں ہوگا۔