پشاور ۔وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی سے امریکی قونصل جنرل مسٹر تھامس ایکرٹ کی وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ملاقات ہوئی ، جس میں دونوں جانب نے باہمی ترقی اور خوشحالی کیلئے تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ عوامی مفاد صوبائی حکومت کے تمام فیصلوں کی بنیاد ہے۔ نائن الیون کے بعد کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ خیبر پختونخوا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان اٹھایا اور اب صوبائی حکومت بنیادی ڈھانچے کی ترقی ، ادارہ جاتی مضبوطی، اور استعداد سازی پر بھر پور توجہ دے رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حکومت ستی اور صاف توانائی فراہم کرنے کیلئے چھوٹے پن بجلی گھروں اور ڈیموں پر فعال طور پر کام کر رہی ہے تاکہ گھر یلو اور تجارتی صارفین کو سستی بجلی کی فراہمی ممکن ہو سکے۔
امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ تجارتی سفارت کاری امریکی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے اور اقتصادی تعلقات عالمی امن و استحکام کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ملاقات کا انتقام دونوں فریقین کے اس مشترکہ عزم کے ساتھ ہوا کہ وہ سیکورٹی، ترقی، اور با ہمی خوشحالی کیلئے دو طرفہ تعاون کو مستحکم کریں گے۔