حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
دیر۔ املوکدرہ تالاش سے خدنگ تک 6 کلومیٹر کچی سڑک کی خستہ حالی Home / پاکستان /

دیر۔ املوکدرہ تالاش سے خدنگ تک 6 کلومیٹر کچی سڑک کی خستہ حالی

ایڈیٹر - 19/11/2025
دیر۔ املوکدرہ تالاش سے خدنگ تک 6 کلومیٹر کچی سڑک کی خستہ حالی

املوکدرہ تالاش سے گاؤں خدنگ تک جانے والی 6 کلومیٹر طویل کچی سڑک مسلسل ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، مگر حکومت کی جانب سے اس کی پختگی کے لیے تاحال کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ علاقے کے مکین حکومتی عدم دلچسپی پر شدید مایوس اور پریشان دکھائی دیتے ہیں۔

خدنگ کی تین ہزار سے زائد آبادی روزانہ اسی خستہ حال راستے سے گزرتی ہے۔ سڑک کی خراب حالت کے باعث آمد و رفت نہایت دشوار ہوگئی ہے، خصوصاً بیماروں، بزرگوں اور خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ بارشوں کے دنوں میں یہ راستہ کیچڑ اور پھسلن کی وجہ سے مکمل طور پر ناقابلِ استعمال ہو جاتا ہے۔

علاقے میں ایک مڈل سکول، تین پرائمری سکول اور ایک سرکاری ڈسپنسری موجود ہے۔ سڑک کی مخدوش حالت سے نہ صرف سکولوں کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ متاثر ہو رہے ہیں بلکہ ڈسپنسری کا عملہ اور مریض بھی بروقت رسائی سے محروم رہتے ہیں۔ والدین کے مطابق بچے روزانہ گھنٹوں سخت راستہ طے کرکے سکول پہنچتے ہیں، جس سے ان کی تعلیم پر منفی اثر پڑ رہا ہے۔

علاقہ مکینوں نے حکومتِ خیبر پختونخوا، مقامی منتخب نمائندگان اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ املوکدرہ تا خدنگ سڑک کی فوری پختگی کو ترقیاتی منصوبوں میں شامل کیا جائے تاکہ تین ہزار آبادی کو درپیش دیرینہ مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔