پہلا پرنسپل ریاض خان میموریل سپورٹس گالا 2025اختتام پذیر،فائنل میچ میں اسلامیہ ماڈل سکول سب کیمپس میاں منڈی نے الاسد ماڈل سکول کوز گنداو کو ہرا کر کرکٹ چیمپئن کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق قبائیلی ضلع مہمند تحصیل حلیمزئی مہمند کرکٹ گراؤنڈ شگئی میں پہلا پرنسپل ریاض خان مرحوم سپورٹس گالا کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ ایک ہفتے تک جاری رہنے والے اس رنگا رنگ سپورٹس گالا کے اختتامی تقریب میں طلبہ، اساتذہ اور تماشائیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں اے ڈی ای او سپورٹس ابراہیم خان، صدر مہمند پریس کلب سعید بادشاہ اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر کے نمائندے ذاکر خان سمیت دیگر مہمانان نے شرکت کی اور نمایاں کارکردگی دکھانے والا ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس سپورٹس گالا میں کرکٹ گالا میں اسلامیہ ماڈل سکول سب کیمپس کرکٹ کا چیمپئن رہا۔ اسی طرح فٹبال میں اسلامیہ ماڈل سکول مین کیمپس میاں منڈی نے ٹرافی اپنے نام کرلی۔والی بال میں الاسد ماڈل سکول اور پنڈیالی ماڈل سکول مشترکہ فاتح رہے۔
جبکہ رسہ کشی میں اسلامیہ ماڈل سکول سب کیمپس چیمپئن قرار پایا۔ بیڈمنٹن میں الحرمین ماڈل سکول کمالی نے فائنل جیت لیا۔
200 میٹر دوڑ الفاروقی اسلامک سکول غلنئی نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ جبکہ 400 میٹر دوڑ میں اسلامیہ ماڈل سکول سب کیمپس میاں منڈی نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اختتامی روز مہمند کرکٹ گراونڈ میں کرکٹ کا فائنل میچ اسلامیہ ماڈل سکول سب کیمپس اور الاسد ماڈل سکول کے مابین کھیلا گیا۔ ٹاس جیت کر اسلامیہ ماڈل سکول کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 10 اوورز میں 118 رنز بنائے۔ جس کے جواب میں مد مقابل ٹیم الاسد ماڈل سکول مقررہ اورز 90 رنز بناسکی۔اور اسلامیہ ماڈل سکول فاتح قرار پائی۔ تقریب تقسیم انعامات میں مقررین اور شرکاء نے قبائیلی ضلع مہمند میں کمپیوٹر اور پرائیویٹ ایجوکیشن کے بانیان میں شمار ہونے والے پرنسپل ریاض خان مرحوم کی یاد میں پہلا پرنسپل محمد ریاض میموریل سپورٹس گالا کے کامیاب انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔ اور منتظمین ہوپ ضلع مہمند کےصدر زرد علی خان، جنرل سیکرٹری مکرم خان، سپورٹس سیکرٹری گل درب خان، عبدالقدیر خان اور نیاز محمد سپورٹس کیمٹی ممبرز سمیت پوری HOPE تنظیم کو کامیاب سپورٹس گالا کے شاندار انعقاد پر مبارکباد دی۔ اس موقعہ پر موجود پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے پرنسپلز نے مرحوم ریاض خان پرنسپل اسلامیہ ماڈل سکول میاں منڈی کے وژن کے مطابق ضلع مہمند میں کوالٹی ایجوکیشن اور کمپیوٹر میں مہارت کے علوم کو عام کرنے کا عہد کیا۔