تیمر گرہ ۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کے گھر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی ہے، ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جب کہ پولیس نے مقدمہ درج تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ پیر کے روز قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کے لوئر دیر میں واقع گھر پر نامعلوم افراد فائرنگ کر کے فرار ہو گئے۔ تھانہ جندول معیار پولیس کے مطابق فائرنگ کے باعث حجرے میں کھڑی گاڑی اور مین گیٹ کو نقصان پہنچا۔ پولیس نے نیم شاہ کے والد کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ قومی بولر کے والد نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی یا تنازع نہیں ہے۔ پولیس کا واقعہ کے حوالے سے کہنا ہے کہ فائرنگ کے وقت فاسٹ بولرنسیم شاہ گھر پر موجود نہیں تھے اور نہ اس واقعہ میں کوئی زخمی ہوا ہے۔