قومی ایئر لائن پی آئی اے نے 5 سال سے زائد عرصے کے بعد برطانیہ کیلئے پروازوں کا با قاعدہ آغاز کر دیا، اسلام آباد سے مانچسٹر کیلئے پہلی پرواز روانہ ہوگئی، اسلام آباد ایئر پورٹ پر اس موقع پر شاندار تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، برطانوی ہائی کمشنر جین میرٹ ، ایوی ایشن حکام اور پی آئی اے انتظامیہ سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پی آئی اے پر عائد پابندی سے حکومت کو بڑا نقصان ہوا، تاہم ہم نے قومی ایئر لائن کے معیار کو دوبارہ بحال کیا، ابتدائی مرحلے میں پی آئی اے ہفتے میں دو پرواز میں آپریٹ کرے گی ، منگل اور ہفتے کے روز اسلام آباد سے مانچسٹر کیلئے پرواز میں روانہ ہوں گی، افتتاحی پرواز بوئنگ 777 کے ذریعے 273 مسافروں کو لے کر دن 12 بجے روانہ ہوئی۔ ذرائع کے مطابق دوسرے مرحلے میں پی آئی اے لندن کیلئے بھی براہ راست پروازوں کا آغاز کرے گی۔