حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
سفید ڈھیری پشاور میں چکن گونیا کی وبا، 16 کیسز کی تصدیق، محکمہ صحت نے کنٹرول روم قائم کردیا۔ Home / پاکستان /

سفید ڈھیری پشاور میں چکن گونیا کی وبا، 16 کیسز کی تصدیق، محکمہ صحت نے کنٹرول روم قائم کردیا۔

ایڈیٹر - 13/10/2025
سفید ڈھیری پشاور میں چکن گونیا کی وبا، 16 کیسز کی تصدیق، محکمہ صحت نے کنٹرول روم قائم کردیا۔


سفید ڈھیری کے علاقے میں چکن گونیا وائرس کے 16 کیسز کی تصدیق کے بعد محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے علاقے کو آوٹ بریک زون قرار دے دیا ہے اور فوری ردعمل کے طور پر متعدد اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔سیکرٹری ہیلتھ شاہداللہ خان کے مطابق چند روز قبل سفید ڈھیری میں بخار کی علامات والے مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے تھے، جس پر ٹیم نے موقع پر پہنچ کر 21 افراد کے نمونے حاصل کیے اور انہیں پبلک ہیلتھ ریفرنس لیب خیبرپختونخوا تجزیے کیلئے بھجوائے گئے۔ تجزیے کے بعد 16 افراد میں چکن گونیا کی تصدیق ہوئی۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس بابت ڈی ایچ او پشاور کو ایڈوائزری جاری کی جاچکی ہے تاکہ بروقت اقدامات سے بیماری کا سدباب ممکن ہو۔محکمہ صحت سے جاری ہونے والی ایڈوائزری کے مطابق، محکمہ صحت پشاور نے فوری طور پر آؤٹ بریک کے انسداد کیلئے اقدامات کی ہدایت کردی ہے۔ہدایات کے مطابق ڈی ایچ او آفس پشاور میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے تاکہ صورتحال کی نگرانی اور رابطہ کاری موثر انداز میں کی جا سکے جبکہ ایپیڈیمیولوجیکل انویسٹی گیشن کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ وائرس کے پھیلاو کی وجوہات اور ذرائع کی نشاندہی کی جا سکے۔اسی طرح ویکٹر کنٹرول اقدامات جیسے کہ فوگنگ اور لاروی سائیڈنگ شروع کی گئی ہے تاکہ مچھروں کی افزائش کو روکا جا سکے۔مزید سوشل موبلائزیشن اور آگہی مہم جاری ہے تاکہ عوام کو احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جا سکے۔متعلقہ مراکز صحت میں تشخیصی کٹس اور ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔آؤٹ بریک کے سدباب کیلئے روزانہ کی بنیاد پر صورتحال رپورٹ ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز کو بھجوائی جائے گی۔محکمہ صحت نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ مچھروں سے بچاو کی تدابیر اپنائیں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔ ترجمان کے مطابق وبا  کو یونین کونسل کی سطح تک محدود رکھنے کے لیے متاثرہ افراد کی سخت مانیٹرنگ اور کنٹیکٹ ٹریسنگ کی جا رہی ہے۔محکمہ صحت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لاتے ہوئے صورتحال پر قابو پایا جائے گا۔