اسلام آباد۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان نے ہزاروں طالبان کو پاکستان لا کر بسایا اور آج بھی پی ٹی آئی دہشت گردوں سے مذاکرات کی بات کر رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں خواجہ آصف نے کہا کہ افغان حکومت کے ساتھ سالوں پر محیط مذاکرات اور وفود کے کابل آنے جانے کے باوجود پاکستان میں خونریزی بند نہیں ہوئی ، برسوں سے ہماری فوج اور عوام کا خون بہایا جا رہا ہے، روزانہ فوجی جوانوں کے جنازے اٹھ رہے ہیں۔ وزیر دفاع نے لکھا کہ 60لاکھ افغان مہاجرین کی 60 سال کی مہمان نوازی کی قیمت ہم اپنے خون سے ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ افغان مہمان اپنے گھروں کو جائیں اور یہ مفت بری اور محسن کشی بند کریں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ یہ کیسے مہمان ہیں جو میز بانوں کا خون بہاتے ہیں اور قاتلوں کو پناہ میسر کرتے ہیں۔