حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
باجوڑخار ہسپتال میں او پی ڈی چیٹس اور تمام کیش کاؤنٹرز کو جدید ڈیجیٹل سسٹم سے آراستہ کر دیا گیا Home / پاکستان /

باجوڑخار ہسپتال میں او پی ڈی چیٹس اور تمام کیش کاؤنٹرز کو جدید ڈیجیٹل سسٹم سے آراستہ کر دیا گیا

ایڈیٹر - 30/09/2025
باجوڑخار ہسپتال میں او پی ڈی چیٹس اور تمام کیش کاؤنٹرز کو جدید ڈیجیٹل سسٹم سے آراستہ کر دیا گیا

ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال خار میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ او پی ڈی چیٹس اور تمام کیش کاؤنٹرز کو جدید ڈیجیٹل سسٹم سے آراستہ کر دیا گیا ہے، جبکہ طویل عرصے سے بند آئی سی یو یونٹ کو بھی دوبارہ فعال بنا کر عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

افتتاحی تقریب میں ڈیڈک چیئرمین و رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر حمید الرحمان نے فیتہ کاٹ کر ان سہولیات کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حیات آفریدی، ڈی ایم ایس ڈاکٹر نصیب گل، ڈاکٹرز، پیرامیڈیکس اور انور زیب خان کے صاحبزادے سیکندر زیب بھی شریک تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حمید الرحمان نے کہا کہ ہسپتال میں ڈیجیٹلائزیشن اور آئی سی یو کی بحالی علاقے کے عوام کے لیے خوش آئند قدم ہے، جس سے مریضوں کو بہتر اور بروقت علاج میسر آئے گا۔

 انہوں نے کہا کہ کاغذی طور پر یہ ہسپتال کٹیگری اے میں شامل ہے، تاہم عملی طور پر اسے اس معیار پر لانے کے لیے مزید سہولیات درکار ہیں، جس پر صوبائی حکومت سے بات کی جائے گی۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حیات آفریدی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ یہ ہسپتال کٹیگری اے کے درجے پر ہے لیکن سہولیات اس معیار کی نہیں ہیں۔ انہوں نے سپیشلسٹ ڈاکٹروں، عملے، لیبر روم، آرتھوپیڈک وارڈ اور دیگر ضروری سہولیات کی کمی کو اجاگر کیا اور کہا کہ ان مسائل کے حل سے ہسپتال کو حقیقی معنوں میں کٹیگری اے بنایا جا سکے گا۔