پشاور: ملک بھر کی طرح خیبرپختونخوا میں بھی الیکٹرک گاڑیوں کی مانگ بڑھنے لگی، اس لئے اب اگلے اقدام کے طور پر خیبرپختونخوا میں الیکٹرک گاڑیوں کیلئے چارجنگ سٹیشن بنانے کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے۔
اس حوالے سے پشاور سمیت موٹر وے اور دیگر بڑے شہروں میں ای وی چارجنگ سٹیشنوں کے قیام کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، ابتدائی مرحلے میں ایم ون موٹروے، پشاور، نوشہرہ اور ایبٹ آباد کے مختلف مقامات پر جدید چارجنگ پوائنٹس قائم کرنے کی منصوبہ بندی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس منصوبے کے تحت چین کی مختلف نجی کمپنیاں خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جن کی مدد سے بین الاقوامی معیار کے چارجنگ سٹیشن تعمیر کئے جائیں گے۔
اس حوالے سے صوبائی حکومت نے مقامی سرمایہ کاروں کو بھی شراکت داری کی پیشکش کی ہے جبکہ کئی بزنس گروپس نے چینی کمپنیوں سے ابتدائی رابطے شروع کر دیئے ہیں، محکمہ توانائی اور ٹرانسپورٹ کے حکام کے مطابق ای وی چارجنگ انفراسٹرکچر صوبے کی ضرورت بن چکا ہے کیونکہ الیکٹرک گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اس منصوبے کی بدولت شہری نہ صرف جدید سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکیں گے بلکہ تیل پر انحصار بھی کم ہوگا۔