چارسدہ: تھانہ سرڈھیری کی حدود دوسہرہ سپین اعراب میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او سرڈھیری سلیم خان زخمی ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک بدنام زمانہ مجرم اشتہاری نعمت ولد اسرار سکنہ نستہ ہلاک ہوگیا۔
واقعہ کی اطلاع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ محمد وقاص خان فوری طور پر ہسپتال پہنچے اور زخمی ایس ایچ او سلیم خان کی عیادت کی۔ زخمی افسر کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
ڈی پی او چارسدہ محمد وقاص خان اور ایس پی انوسٹی گیشن سجاد خان بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر موجود ہیں، جبکہ آپریشن کی قیادت ڈی پی او چارسدہ خود کر رہے ہیں۔
ہلاک ہونے والا مجرم اشتہاری بدنام زمانہ سابقہ سزایافتہ تھا، جو پولیس کو متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ دیگر عدم گرفتار ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں آپریشن بھرپور طریقے سے جاری ہے۔